جمعہ 25 ستمبر 2026 - 07:48
ہم نے جنگ شروع نہیں کی، لیکن اگر ہمارے خلاف جنگ جاری رہی تو فیصلہ کن جواب دیں گے: پزشکیان

حوزہ/ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: ہم نے جنگ شروع نہیں کی، لیکن اگر وہ ہمارے خلاف جنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں فیصلہ کن جواب دیں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا: ہم نے جنگ شروع نہیں کی، لیکن اگر وہ ہمارے خلاف جنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں فیصلہ کن جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا: ہم ایک معاہدے پر پہنچ چکے تھے اور باہمی مفاہمت کا ایک خاکہ بھی تیار کرکے اس پر اتفاق کیا جاچکا تھا۔ ہم اب بھی اسی معاہدے کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

پزشکیان نے کہا: ہم جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے (این پی ٹی) کے تحت اپنی تمام ذمہ داریوں پر عمل کریں گے اور بین الاقوامی قوانین اور جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کے دائرے میں 60 فیصد افزودہ یورینیم کو بھی الگ کر دیں گے۔

ایرانی صدر نے کہا: ہم جنگ جاری رکھنا نہیں چاہتے۔ اب امریکہ کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اس صورتحال کو ختم کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کے بارے میں کہا: ہم نے آبنائے ہرمز کو بند نہیں کیا تھا، بلکہ یہ کھلا تھی۔ انہوں نے بغیر کسی جواز اور قانونی بنیاد کے ہم پر حملہ کیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا: ٹرمپ مسلسل کہتے تھے کہ میں ایرانی عوام کے لیے تحفہ لانا چاہتا ہوں، لیکن وہ ہمارے لیے جو تحفہ لائے، وہ میزائل، بھاری ہتھیار اور تباہی تھی۔

انہوں نے کہا: وہ درحقیقت ملک میں ایسے واقعات کو ہوا دینا چاہتے ہیں جن سے نظام، معاشرے اور حکومت کے خاتمے کی راہ ہموار ہوسکے۔

پزشکیان نے کہا: ہم آخری لمحے تک مزاحمت کریں گے۔ یقیناً ہمیں اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے، لیکن ہم ہر مشکل سے گزر جائیں گے اور ثابت قدم رہیں گے۔

فاکس نیوز کے میزبان نے ایرانی صدر سے پوچھا: جناب صدر! آپ دل کے سرجن ہیں۔ ایرانی سکیورٹی فورسز نے کتنے ایرانی شہریوں کو ہلاک کیا؟

پزشکیان نے جواب دیا: بیرونِ ملک شائع ہونے والے بعض ذرائع جو کچھ رپورٹ کر رہے ہیں، وہ ان واقعات کی درست اور مستند تفصیلات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ اگر 10 ہزار یا 17 ہزار افراد کے ہلاک ہونے کی بات کی جاتی ہے تو کم از کم دو افراد کے قومی شناختی نمبر (ملی کوڈ) کیوں پیش نہیں کیے جاتے؟

انہوں نے کہا: آپ کچھ لوگوں کو ایران بھیج سکتے ہیں تاکہ وہ حقائق کی جانچ کریں اور ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کی تصدیق کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha